وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واسا عملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت مزید موثر بنانے کے لیے ایمرجنسی سروسز کے اشتراک سے صوبہ بھر میں بنیادی ریسکیو اور فائر سیفٹی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے
واسا عملہ کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت مزید موثر بنانے کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واسا عملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت مزید موثر بنانے کے لیے ایمرجنسی سروسز کے اشتراک سے صوبہ بھر میں بنیادی ریسکیو اور فائر سیفٹی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تربیتی ورکشاپس میں واسا عملے کو آگ لگنے کی صورت میں محفوظ و بروقت انخلا، آگ بجھانے والے آلات کے استعمال اور بنیادی طبی امداد سمیت ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔سیکرٹری ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نورالامین مینگل کاکہنا ہے کہ حکومت کی پالیسی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صرف فائر سیفٹی انفراسٹرکچر ہی نہیں بلکہ متعلقہ عملے کی عملی تربیت بھی یقینی بنائی جائے تاکہ بحران کی صورت میں ابتدائی ردعمل موثر، محفوظ اور بروقت ہو ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بڑے آتشزدگی کے واقعات بالخصوص گل پلازہ اور پی آئی ایم ایس کے واقعات نے موثر فائر سیفٹی انتظامات، ہنگامی تیاری اور تربیت یافتہ عملے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے،پنجاب حکومت کی جانب سے فائر ایمرجنسیز کے موثر رسپانس کے لیے پہلے ہی اہم اقدامات کیے جا چکے ہیں، سیف پنجاب مشن کے تحت صوبہ بھر میں اہم مارکیٹوں، کمرشل مراکز اور مصروف بازاروں میں 1,161 فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا گیا،جس میں واسا پنجاب اور ریسکیو 1122 شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ فائر ہائیڈرنٹس کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے عملی مشقوں کا بھی اہتمام کیا گیا،فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے ساتھ اب واسا عملے کی بنیادی ریسکیو اور فائر سیفٹی تربیت انفراسٹرکچر و انسانی استعدادِ کار، دونوں کو مربوط کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ ہائوسنگ کی جانب سے واسا فیلڈ اسٹاف کے تحفظ کے لیے پہلے ہی جامع سیفٹی ایس او پیز نافذ کیے گئے ہیں، جن میں حفاظتی کٹس، گیس ڈیٹیکٹرز، حفاظتی لباس، ہیلمٹ اور دیگر ضروری حفاظتی سامان کا استعمال جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطے کی ہدایات شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ تربیتی ورکشاپس کا مقصد واسا عملے کو ایسے بنیادی عملی ہنر فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ابتدائی ردعمل موثر انداز میں دیا جا سکے اور شہریوں وعملے کی جان و مال کے تحفظ کے لیے متعلقہ ریسکیو اداروں کے ساتھ بروقت تعاون یقینی بنایا جا سکے۔








