سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار کی تاریخی و روحانی عظمت کو برقرار رکھتے ہوئے جاری تمام ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبے زائرین کی سہولت، حفاظت اور خوشگوار ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں
داتا دربار ذکرِ الہی، محبتِ رسولِ اکرم ۖ اور روحانی وابستگی کا عظیم مرکز ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

مزید خبریں
لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار کی تاریخی و روحانی عظمت کو برقرار رکھتے ہوئے جاری تمام ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبے زائرین کی سہولت، حفاظت اور خوشگوار ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں اور تمام کام بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی خصوصی ہدایت پر مزارِ حضرت علی ہجویری کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ دربارِ حضرت داتا گنج بخش سے صدیوں سے محبت، امن، روحانیت اور انسانیت کا پیغام وابستہ ہے اور یہ مقدس آستانہ کروڑوں عقیدت مندوں کے لیے قلبی سکون اور روحانی وابستگی کا عظیم مرکز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ دورہ داتا دربار کے دوران ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو اپنے لائن ورک کے مطابق مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی تھی، جس پر موثر اور فعال انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ غلام گردش میں نفیس کیلی گرافک ماربل کی تنصیب سمیت مختلف اہم کام تیزی سے جاری ہیں، جبکہ جاری تعمیراتی مراحل کے باعث بعض داخلی راستوں اور دیگر سہولیات کو عارضی طور پر محدود کیا گیا ہے تا ہم متعلقہ ادارے زائرین کی آسان آمدورفت اور راحت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کریں اور زائرین کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ داتا دربار کی عظمت و شان کے شایانِ شان ایک دلکش، محفوظ، پرسکون اور باوقار روحانی ماحول تشکیل دیا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے داتا دربار کے مختلف حصوں میں جاری تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر نیسپاک عادل نذیر، ایکسئین کمیونیکیشن اینڈ ورکس فہد نوید، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ایکسئین داتا دربار قیصر منیر اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزارِ اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے بالخصوص دعا کی۔







