فلپائن میں خودمختار خطے کے پارلیمانی انتخابات سے قبل فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 15 زخمی

فلپائن کے جنوبی صوبے ماگوئنداناو ڈیل نورٹے کے شہر کوتاباتو میں پولنگ مرکز کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

منیلا ۔14ستمبر (اے پی پی):فلپائن کے جنوبی صوبے ماگوئنداناو ڈیل نورٹے کے شہر کوتاباتو میں پولنگ مرکز کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

شنہوا کے مطابق مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ اتوار کی شب نصف شب سے قبل اس وقت ہوئی جب بنگسامورو خودمختار خطے ان مسلم منڈاناؤ (بار ایم) میں پارلیمانی انتخابات سے قبل ووٹرز پولنگ مرکز پر جمع تھے۔پولیس نے بتایا کہ انتخابات میں پولنگ کے لیے قطار میں جگہ بنانے پر حریف سیاسی دھڑوں کے کارکنوں میں تلخ کلامی، دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی، جس کے بعد فائرنگ شروع ہوگئی۔بار ایم میں پیر کو شروع ہونے والے انتخابات کے ذریعے خطے کی پہلی منتخب پارلیمنٹ کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق 13 سیاسی جماعتوں کے امیدوار 80 پارلیمانی نشستوں کے لیے میدان میں ہیں جبکہ 20 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ممکنہ تشدد کے پیش نظر خطے بھر میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور پولنگ مراکز پر 20 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔