ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے خاتون سمیت 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے 2 مسافر آف لوڈ

مزید خبریں
ملتان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے خاتون سمیت 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آی اے کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں میں محمد وقاص اور نجمہ بی بی شامل ہیں، دونوں کا تعلق لودھراں سے بتایا گیا ہے۔ مسافر فلائٹ نمبر PF-702 کے ذریعے ملتان سے سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں کے سفری ریکارڈ، ذرائع آمدن اور بیرون ملک سفر کے مقصد کی جانچ پڑتال کے دوران تضاد سامنے آیا۔ دونوں مسافر اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ سعودی عرب جا چکے ہیں جبکہ بیرون ملک روانگی اور امیگریشن کلیئرنس کے سلسلے میں مبینہ طور پر تین ایجنٹوں سے رابطے میں تھے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں مسافروں کے سعودی عرب جانے کا مقصد مبینہ گداگری سامنے آیا، جس پر انہیں مزید قانونی کارروائی اور مبینہ ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا۔ایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے ملتان ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے، جبکہ مسافروں کے سفری ریکارڈ، ذرائع آمدن اور بیرون ملک سفر کے مقصد سمیت تمام پہلوؤں سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔








