معروف قومی کرکٹر عامر سہیل کی سالگرہ پیر کو منائی گئی

معروف قومی کرکٹر عامر سہیل کی سالگرہ پیر 14 ستمبر کو منائی گئی۔

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):معروف قومی کرکٹر عامر سہیل کی سالگرہ پیر 14 ستمبر کو منائی گئی۔

عامر سہیل کا پورا نام محمد عامر سہیل علی ہے اور وہ 14 ستمبر 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے 47 ٹیسٹ میچ اور 147 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ عامر سہیل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز تھے۔ عامر سہیل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مبصر کی حیثیت سے اپنے فرائض ادا کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے 1983 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا، وہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز اور کبھی کبھار بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ بھی کرتے تھے۔عامر سہیل نے پاکستان کے علاوہ الائیڈ بینک ، حبیب بینک ، کراچی، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا اور سمر سیٹ کائونٹی کی طرف سے بھی کرکٹ کھیلی ہے۔ جارحانہ بلے باز عامر سہیل پہلی مرتبہ 1990 میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں قومی ٹیم میں شامل ہوئے تھے اور وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 1992کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

عامر سہیل نے 1998 میں 6 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی کپتانی کی اور جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ میں شکست دینے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی ہیں ۔ انھوں نے 1996 سے 1998تک 22 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کی،9 میں کامیابی حاصل کی اور 41.5 کی اوسط سے رنز بھی سکور کئے ۔ انھوں نے شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کے قائم مقام کپتان کے طور پر بھی کام کیا۔2001میں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد عامر سہیل قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بن گئے اور ان کا دور جنوری 2004میں ختم ہو ا جب ان کی جگہ قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر وسیم باری نے لے لی۔ عامر سہیل کرکٹ براڈکاسٹر کے طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

4 فروری 2014کو انھیں دوسری بار قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا۔ کیرئیر اعدادوشمار کے مطابق عامر سہیل نے 47 ٹیسٹ میچوں کی 83 اننگز میں 3 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہ کر 2823 رنز سکور کیے۔ 205 ان کا کسی ایک اننگ کا سب سے بہترین انفرادی سکور تھا جبکہ عامر سہیل کی اس فارمیٹ میں 35.28 کی اوسط تھی جس میں 5 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں ۔اسی طرح 156 ایک روزہ مقابلوں کی 155 اننگز میں 5 دفعہ ناٹ آئوٹ رہ کر عامر سہیل نے 4780 رنز سکور کیے جس میں 134 ا ن کا سب سے زیادہ سکور تھا اور 31.86 کی اوسط سے حاصل کردہ ان اعداد و شمار میں 5 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

عامر سہیل کا فرسٹ کلاس ریکارڈ بھی بہت متاثر کن ہے۔ انھوں نے 195 میچوں کی 331 اننگز میں 17 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 12213 رنز 38.89 کی اوسط سے حاصل کیے۔ جس میں 205 ان کی کسی ایک اننگ کا بہترین سکور تھا۔ 29 سنچریاں اور 50 نصف سنچریاں بھی اس خوبصورت مجموعے کا حصہ تھیں۔ عامر سہیل نے ٹیسٹ میچوں میں 36، ایک روزہ مقابلوں میں 50 اور فرسٹ کلاس میچوں میں 153 کیچز بھی اپنے محفوظ ہاتھوں میں دبوچے ہیں۔ عامر سہیل کی سالگرہ کے موقع پر ان کے احباب اور شائقین کرکٹ کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا۔