این ڈی ایم اے کا خطہ پوٹھوہاراور بالائی خیبر پختونخوا میں ممکنہ بارش کا الرٹ جار ی
این ڈی ایم اے کا خطہ پوٹھوہاراور بالائی خیبر پختونخوا میں ممکنہ بارش کا الرٹ جار ی

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے خطہ پوٹھوہاراور بالائی خیبر پختونخوا میں ممکنہ بارش کا الرٹ جار ی کر دیا گیا، این ای او سی کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 14 سے 17 ستمبر تک خطہ پوٹھوہاراور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے۔
پیر کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ متوقع بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔این ای او سی کے جائزہ ماڈلز اچانک بننے والے موسمی نظام کے نتیجے میں مختصر دورانیے میں شدید بارش کی نشاندہی کر رہے ہیں ۔پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
عوام شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اورآبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محتاط رہیں ، مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی و ہنگامی ہدایات پر عمل کریں۔مستند موسمی معلومات، ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی لیں۔








