قائمہ کمیٹی کا منشیات کے تدارک اور محکمہ ایکسائز کو مضبوط بنانے پر زور

قائمہ کمیٹی کا منشیات کے تدارک اور محکمہ ایکسائز کو مضبوط بنانے پر زور

گلگت۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):گلگت بلتستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا اجلاس چیئرمین کمیٹی عبدالجہان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عطاء اللہ وزیر داخلہ و جیل خانہ جات حاجی دلپذیر خان، پارلیمانی سیکرٹری کلثوم جہانگیر، رکن اسمبلی سید سہیل عباس، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے محکمے کی کارکردگی، مختلف ڈائریکٹوریٹس کے امور ترقیاتی منصوبوں اور درپیش مسائل کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے محکمے کی بریفننگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کمیٹی نے کوآپریٹو سوسائٹیز کے حوالے سے قانون سازی کے لیے مسودۂ قانون تیار کرنے پر زور دیا تاکہ گلگت بلتستان میں قائم کوآپریٹو سوسائٹیز پر نگرانی اور ریگولیشن کے عمل کو بہتر بنایا جاسکے ۔ کمیٹی نے نارکوٹکس کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی سفارش کی۔ کمیٹی نے منشیات کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ اقدامات پر بھی زور دیا تاکہ گلگت بلتستان میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رجحان پر بروقت کنٹرول ہو۔کمیٹی نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں انسانی وسائل اور دیگر ضروری آسامیوں کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے حکومت سے سفارش کی کہ محکمے کو درپیش مسائل کے حل، عملے کی کمی دور کرنے اور ادارہ جاتی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں