جنوبی کوریا میں کیمیائی پلانٹ میں آتشزدگی، 7 ہزار کارکنوں کا انخلا
جنوبی کوریا میں کیمیائی پلانٹ میں آتشزدگی، 7 ہزار کارکنوں کا انخلا

مزید خبریں
سیئول ۔14اکتوبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی صنعتی شہر السان میں بدھ کو ایک بڑے کیمیائی پلانٹ میں آگ لگنے کے بعد 7 ہزار کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ شنہوا کے مطابق آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 41 منٹ پر السان میں واقع کیمیائی مصنوعات تیار کرنے والے پلانٹ میں لگی۔ پلانٹ میں کام کرنے والے تمام 12 ملازمین بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آگ بیرونی حصے میں موجود ایک ذخیرہ ٹینک سے شروع ہوئی، جس میں 8 ہزار لیٹر ٹولوئین موجود تھا۔ یہ انتہائی آتش گیر مادہ ہے۔آگ کے شعلوں سے اڑنے والے انگارے قریبی تنصیب تک پہنچنے کے باعث وہاں گھاس کے میدان میں بھی آگ لگ گئی، جبکہ شعلوں سے ملحقہ کیمیائی ذخیرہ ٹینکوں تک آگ پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
گردونواح میں سیاہ دھوئیں اور زہریلی بو پھیلنے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت قریبی پیٹروکیمیکل پلانٹ کی زیر تعمیر سائٹ پر کام کرنے والے7 ہزار کارکنوں کو وہاں سے نکال لیا گیا۔ احتیاطی تدبیر کے طور پر ملحقہ کاروباری اداروں کے ملازمین کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔آگ کی شدت کے پیش نظر فائر حکام نے ملک گیر ہنگامی کارروائی کا حکم جاری کیا، جس کے تحت آس پاس کے شہروں اور علاقوں سے خصوصی فائر فائٹنگ گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور 200 سےزیادہ اہلکار طلب کیے گئے۔آگ پر دوپہر ایک بجکر 34 منٹ پر قابو پا لیا گیا، جبکہ ایک بجکر 50 منٹ پر اسے مکمل طور پر بجھا دیا گیا۔حکام نے حادثے کی وجوہات اور اس سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔








