گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملٹی فیتھ نیبرز نیٹ ورک کے بانی اورامریکی سکالر بوب رابرٹس کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملٹی فیتھ نیبرز نیٹ ورک کے بانی اورامریکی سکالر بوب رابرٹس کی سربراہی میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملٹی فیتھ نیبرز نیٹ ورک کے بانی اورامریکی سکالر بوب رابرٹس کی سربراہی میں وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد میں ڈائریکٹر میکا فرائیز اور دیگر شخصیات شریک تھیں۔ملاقات میں سینیٹر طاہر خلیل سندھو، پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایاز، محمد اسرار مدنی،بشریٰ علی، مدیحہ ملک اور شاہد رحمت بھی موجود تھے۔ پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق امریکی وفد نےخیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ امن، مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمے کے لیےخیبرپختونخوا کے دروازے کھلے ہیں، پاکستان عالمی امن، مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معدنیات، قدرتی وسائل، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی اور انسانی خدمات کے لیے بوب رابرٹس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔امریکی وفد نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جاری کاوشوں پر گورنر فیصل کریم کنڈی کو بریفنگ دی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو امریکہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔پروفیسر ڈاکٹرقبلہ ایاز نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی صوبے کی ترقی، امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ سینیٹر طاہر خلیل سندھو نے گورنر فیصل کریم کنڈی سےملاقات اور میزبانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پاکستان اور خیبرپختونخوا میں مذہبی ہم آہنگی اور ترقی کے لیے گورنر کے کردار کی تعریف کی۔

مزید خبریں