وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا شاکر علی میوزیم لاہور کا دورہ، فن و ثقافت کے فروغ اور ادارے کی بہتری کے لئے فنکاروں کی تجاویز کا خیرمقدم

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی کے ہمراہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)کے زیر انتظام شاکر علی میوزیم لاہور کا دورہ کیا

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی کے ہمراہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے)کے زیر انتظام شاکر علی میوزیم لاہور کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے میوزیم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور معروف مصور شاکر علی کے فن اور ان کی خدمات کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے مختلف فنکاروں سے ملاقات کی اور ان سے فن و ثقافت کے فروغ، فنکاروں کو درپیش مسائل اور شاکر علی میوزیم کی بہتری کے حوالے سے تجاویز سنیں۔ فنکاروں نے ادارے کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور عوام بالخصوص نوجوان نسل تک فن کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ حکومت ملک کے فنکاروں کی سرپرستی اور قومی ثقافتی اداروں کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکار پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تجاویز کی روشنی میں فن و ثقافت کے فروغ اور اداروں کو مزید فعال بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فنکاروں کی قابلِ عمل تجاویز کا جائزہ لے کر شاکر علی میوزیم اور دیگر ثقافتی اداروں کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے ایک دوسرے میوزیم میں سلیمہ ہاشمی کی نمائش کا بھی دورہ کیا اور ان کے کام کو سراہا۔

مزید خبریں