وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بارشوں کے دوران سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، وزیراعظم شہباز شریف کی چیئرمین این ڈی ایم اے سے ملاقات میں ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بارشوں کے دوران سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی ۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو حالیہ مون سون سیزن میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے پیشگی انتظامات پر بریف کیا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ وزیراعظم نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط بڑھانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ موثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کردہ پیشگی انتظامات کے باعث متعلقہ ادارے اس مون سون سیزن کی موثر اقدامات کے ساتھ بہتر انداز میں نگرانی کریں گے۔چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے وزیراعظم کو جاری مون سون سیزن کے متوقع رجحان اور صوبوں اور ادراوں کے باہمی تعاون سے جاری مجموعی انتظامات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک کے طول و عرض میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کے لئے تیار ہیں ۔








