پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی پہچان ہی جمہوریت کی جدوجہد ہے، جبکہ جمہوریت محض پارٹی کی سیاست نہیں بلکہ اس کی تاریخ، نظریے اور قربانیوں کا حصہ ہے۔
پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد قربانیوں سے عبارت ہے، شازیہ مری کا یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 15 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی پہچان ہی جمہوریت کی جدوجہد ہے، جبکہ جمہوریت محض پارٹی کی سیاست نہیں بلکہ اس کی تاریخ، نظریے اور قربانیوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو 1973 کا آئین دیا، جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو اقتدار کا سرچشمہ قرار دے کر جمہوری اصولوں کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ شازیہ مری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کی قیمت اپنے خون سے ادا کی، جبکہ ہزاروں جیالوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے انگنت مشکلاتیں برداشت کیں۔ پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد جیلوں، سڑکوں اور پارلیمان میں لکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، پارلیمان اور عوام کے حقوق پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد کے بنیادی ستون ہیں۔
پارٹی آئین کی بالادستی، پارلیمان کے وقار اور عوام کی حاکمیت پر یقین رکھتی ہے۔ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں اور پارلیمان عوام کی آواز ہے۔ مرکزی ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور اس کے کارکنوں نے نسل در نسل جمہوریت کا پرچم بلند رکھا ہے۔ یومِ جمہوریت کے موقع پر پیپلز پارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پارلیمان کی بالادستی اور ایک مضبوط، جمہوری پاکستان کے مؤثر ترجمان ہیں۔








