نوجوانوں کو اپنے منتخب نمائندوں اور حکومتی قیادت سے سوال کرنے کے مواقع ملنا مثبت پیش رفت ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ریاست اور حکومت کو نوجوانوں میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہوگا کہ ریاست اور حکومت ان کی اپنی ہے۔

کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ریاست اور حکومت کو نوجوانوں میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہوگا کہ ریاست اور حکومت ان کی اپنی ہے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 50 ہزار سےزیادہ کھلی کچہریاں منعقد کی ہیں، جن میں نوجوانوں سمیت عوام کے مسائل سنے گئے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ نوجوانوں کے سامنے آئے ہیں، جہاں نوجوان اپنے منتخب نمائندوں اور وزیراعلیٰ سے براہ راست سوالات کررہے ہیں۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی سمت کا خود تعین کرنا ہوگا، ہم ان پر اپنی سوچ یا رائے مسلط کرنے کے بجائے انہیں اپنی بات کہنے اور اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلے کرنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں میں یہ اعتماد پیدا کرنا ہوگا کہ ریاست اور حکومت ان کی ہے اور ان کے مسائل سنے اور حل کیے جائیں گے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عوامی رابطے کے نتیجے میں نوجوانوں اور حکومت کے درمیان اعتماد بحال ہورہا ہے۔ نوجوانوں کو براہ راست اپنے منتخب نمائندوں اور حکومتی قیادت سے سوال کرنے کے مواقع ملنا مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک اور صوبے کا مستقبل ہیں، ان کی بات سننے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے سے معاشرے میں مثبت تبدیلی اور اعتماد کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔