بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ، گوادراور ڈیرہ اللہ یار میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف شہروں میں کارروائیاں، دودھ میں ملاوٹ اور زائد المیعاد اشیا کی فروخت پر جرمانے

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ، گوادراور ڈیرہ اللہ یار میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیے۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں بی ایف اے کی ملک سیفٹی ٹیم نے مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران دودھ اور دہی کے نمونے موقع پر ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سکمڈ ملک پائوڈر اور پانی کی وافر مقدار ملانے کا انکشاف ہوا۔ بی ایف اے نے ملاوٹ کرنے والے دو ملک شاپس مالکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں جرمانہ کیا جبکہ معمولی نوعیت کے نقائص پر چار مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے کے مطابق متعلقہ کاروباری مراکز کے مالکان کو اس سے قبل بھی فوڈ بزنس کے لیے لازمی لائسنس حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا۔ تین مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر بھی بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیم نے مختلف کھانے پینے کے مراکز کے خلاف کارروائی کی۔ دو ہول سیل ٹریڈرز، ایک جنرل سٹور اور ایک نان شاپ کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔کچلاک میں بی ایف اے انسپیکشن ٹیم نے کچلاک بازار اور چمن روڈ کے مختلف علاقوں میں قائم کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ایک بیف شاپ اور ایک جنرل سٹور کے مالکان کو جرمانہ کیا گیا جبکہ پانچ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے کے مطابق مذکورہ مراکز میں صفائی کے ناقص انتظامات، کارکنوں کی ذاتی صفائی کا فقدان، دکانوں کے باہر گردوغبار میں گوشت لٹکانے اور آلودہ و جراثیم زدہ کٹنگ اوزار کے استعمال سمیت زائد المیعاد مصالحے، پابندی عائد چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ رنگ برآمد ہوئے، جس پر کارروائی کی گئی۔
گوادر میں بی ایف اے کی زونل انسپیکشن ٹیم نے مختلف مضافاتی علاقوں میں سپر مارکیٹ اور ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ایک سپر مارکیٹ اور پانچ ریسٹورنٹس مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ آٹھ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے کے مطابق ریسٹورنٹس میں صفائی کی ابتر صورتحال، کارکنوں کی ذاتی صفائی کا فقدان، کھلے کوڑے دان، گندے کچن اور برتن، زنگ آلود ریفریجریٹر اور دودھ میں حشرات کی موجودگی پائی گئی۔ اشیائے خورونوش کی تیاری میں پابندی عائد چائنیز نمک کے استعمال پر بھی کارروائی کی گئی۔سپر مارکیٹ سے زائد المیعاد جوسز، سنیکس، مشروبات، سوجی اور آٹے کا پائوڈر برآمد ہوا، جسے ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔ڈیرہ اللہ یار میں بی ایف اے کی زونل انسپیکشن ٹیم نے صحبت پور روڈ اور کوئٹہ روڈ پر جوس کارنرز اور کریانہ سٹورز کا معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران متعدد جوس کارنرز اور کریانہ سٹورز مالکان کو فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی اور ناقص خوراک کی فراہمی پر جرمانے کیے گئے۔بی ایف اے کے مطابق کارروائی کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، کارکنوں کی ذاتی صفائی کا فقدان، آٹے کے پیڑے کا مقررہ وزن سے کم ہونا، زائد المیعاد ٹافیاں اور مصالحے، پابندی عائد چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ رنگ برآمد ہونے پر متعلقہ دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔بی ایف اے حکام نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں خوراک کے کاروبار سے وابستہ مراکز کی نگرانی اور معائنہ جاری رکھا جائے گا۔








