گلگت بلتستان میں ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ہاکی آسٹرو ٹرف گرائونڈ جوٹیال میں ٹرائلز کا انعقاد

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ہاکی آسٹرو ٹرف گرائونڈ جوٹیال میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے ہاکی آسٹرو ٹرف گرائونڈ جوٹیال میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا۔ٹرائلز کی نگرانی ممبر سلیکشن کمیٹی و اولمپین ناصر علی نے کی،جبکہ ٹرائلز کا اہتمام گلگت بلتستان ہاکی ایسوسی ایشن اور گلگت بلتستان اسپورٹس بورڈ کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔ٹرائلز میں16 سے28 سال کی عمر کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ گلگت کے مختلف معروف ہاکی کلبوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں باصلاحیت اور پرعزم کھلاڑیوں نے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ٹرائلز کا مقصد گلگت بلتستان سے ابھرتے ہوئے ہاکی ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سابق ڈائریکٹر اسپورٹس گلگت بلتستان حسین علی،گلگت بلتستان ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور پی ایچ ایف کانگریس ممبر کمال حسین،جی بی اسپورٹس بورڈ کے ہاکی کوچ اسرار حسین اور بلتستان ریجن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس باقر حسین بھی موجود تھے۔انہوں نے ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور گلگت بلتستان میں ہاکی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔