وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، ممکنہ سموگ خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات پر غور

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات اور ستھرا پنجاب کے معاملات پر غور کیا گیا ہے۔

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت اقدامات اور ستھرا پنجاب کے معاملات پر غور کیا گیا ہے۔فوکل پرسن برائے ستھرا پنجاب عاصم محمود، سپیشل سیکرٹریز شاہد زمان لک اور سید موسی رضا بھی موجود تھے جبکہ ضلعی ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے اجلاس کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے مختلف شہروں کے اپنے حالیہ دوروں کے مشاہدات کی روشنی میں ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلی مریم نواز کی جانب سے جو انسدادِ سموگ ہدایات جاری کی گئی ہیں،ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے سختی سے زور دیا کہ صفائی کے دوران سڑکوں پر گرد وغبار اڑانے سے گریز کیا جائے۔ کسی جگہ کوڑا جلانے کی شکایت ملی تو تحصیل مینجر کیخلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی صفائی صرف مکینیکل طریقے سے کی جائے،جس میں پانی کا استعمال ہوتا ہے۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی ستھرا پنجاب کو ضلعی ایم ڈیز کی کارکردگی کا فردا فردا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔اس حوالے سے اجلاس میں ستھرا پنجاب ایجنسیز کے ایم ڈیز کو مرحلہ وار اتھارٹی آفس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر (ایف ایم او) کو 24 بیٹس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ”ایف ایم اوز کو ہر روز کم از کم12 بیٹس کے دورے کا پابند بنایا جائے۔ایف ایم اوز کی کارکردگی کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے گی”۔ذیشان رفیق نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی موثر نگرانی کیلئے موجودہ سسٹم کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔ ہر ضلع میں بااختیار ایجنسی بنانے کے بعد صورتحال میں بہتری نظر آنی چاہیئے۔