ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے کہا ہے کہ نوجوان زرعی گریجویٹس کو عملی فیلڈ تجربہ فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ جدید زرعی طریقوں کو فروغ اور کسان برادری کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
چنیوٹ ، زرعی گریجویٹس میں انٹرن شپ لیٹر کی تقسیم

مزید خبریں
چنیوٹ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے کہا ہے کہ نوجوان زرعی گریجویٹس کو عملی فیلڈ تجربہ فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ جدید زرعی طریقوں کو فروغ اور کسان برادری کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار دفتر ڈپٹی کمشنر چنیوٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ سکیم برائے زرعی گریجویٹس (ISAG) 2026-27 کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ضلع چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے سکیم کے تحت منتخب ہونے والے 25 زرعی گریجویٹس میں انٹرن شپ لیٹرز تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ سکیم برائے زرعی گریجویٹس حکومت پنجاب کا ایک اہم فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کا مقصد زرعی شعبے سے وابستہ نوجوان گریجویٹس کے علمی و عملی تجربے میں اضافہ کرنا اور انہیں فیلڈ میں کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ کے دوران نوجوان زرعی ماہرین عملی طور پر کسانوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے جدید زرعی تکنیکوں، بہتر پیداوار اور زرعی مسائل کے حل کے حوالے سے اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبہ بھر سے مجموعی طور پر 1,500 زرعی گریجویٹس کو بامعاوضہ انٹرن شپ پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ ہر انٹرن کو انٹرن شپ کی مدت کے دوران 70 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے منتخب انٹرنز پر زور دیا کہ وہ اس اہم موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان زرعی گریجویٹس کی فیلڈ میں فعال شمولیت سے نہ صرف ان کی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ جدید زرعی معلومات اور ٹیکنالوجی کی کسانوں تک منتقلی میں بھی مدد ملے گی، جس سے زرعی پیداوار میں بہتری اور غذائی تحفظ کے اہداف کے حصول میں معاونت حاصل ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چنیوٹ میں انٹرن شپ سکیم کے کامیاب اور مؤثر نفاذ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے منتخب امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی بہتری میں مثبت کردار ادا کریں گے








