چنیوٹ ،پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے حوالے سے اہم اجلاس

ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

چنیوٹ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز شائستہ جبین ، حبیبہ بلال ، شینا اعظم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رابعہ رشی، سی اوز ایجوکیشن وقاص احمد گل، سی اوز میونسپل کمیٹیز، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رابعہ رشی نے وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز 2026 کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب یوتھ گیمز میں ضلع بھر کے سکولوں اور کالجز کے طلباء و طالبات کو بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یوتھ گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں ایتھلیٹکس، فٹ بال، باسکٹ بال، کرکٹ، والی بال، ویٹ لفٹنگ، بیڈمنٹن سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔ سکولوں اور کالجز کے طلباء و طالبات مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ یوتھ گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور سکولوں و کالجز کے طلباء و طالبات کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما، صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کے انعقاد کے لیے متعلقہ محکموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا