10 رکنی ازبک میڈیا وفد سات روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، میڈیا تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے لئے 10 رکنی ازبک میڈیا وفد سات روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا جس میں معروف ٹیلی ویژن شخصیات

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، میڈیا تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے لئے 10 رکنی ازبک میڈیا وفد سات روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا جس میں معروف ٹیلی ویژن شخصیات، ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز، یوٹیوبرز، انفلوئنسرز اور سوشل میڈیا شخصیات شامل ہیں۔منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد حکومت پاکستان کی دعوت پر دورہ کر رہا ہے جس دوران وہ سرکاری و نجی شعبے کے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیشرفت اور کامیابیوں کا مشاہدہ کرے گا۔دورے کا اہم مقصد ازبک میڈیا نمائندگان کو پاکستان کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے سے براہِ راست آگاہی فراہم کرنا ہے بالخصوص ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کے عوامی رائے کی تشکیل، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سماجی و معاشی ترقی میں کردار سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔ازبک وفد دونوں برادر ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، مواد کے تبادلے اور تجربات سے استفادے کے امکانات کا بھی جائزہ لے گا۔

دورے کے نتیجے میں ازبک میڈیا شخصیات کو پاکستان کو مزید قریب سے سمجھنے اور اپنے مشاہدات و تجربات کو ازبکستان کے ناظرین اور عوام تک ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچانے کا موقع ملے گا۔ وفد اسلام آباد کی اہم اور معروف عمارتوں اور مقامات کے علاوہ مری، ٹیکسلا اور لاہور کے اہم ثقافتی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کرے گا۔ازبک میڈیا وفد کو پاکستان کے مالا مال ثقافتی اور تاریخی ورثے سے آگاہی حاصل ہوگی جس میں ٹیکسلا کی قدیم تہذیب اور لاہور کا تاریخی و تعمیراتی ورثہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔وفد فیصل مسجد کا بھی دورہ کرے گا جو پاکستان کے نمایاں جدید تعمیراتی شاہکاروں میں شمار ہوتی ہے، وفد کو فیصل مسجد کے منفرد طرزِ تعمیر اور جدید فنِ تعمیر کے ساتھ پاکستان کی صدیوں پرانی ثقافتی و تعمیراتی روایات کے امتزاج کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔ازبک میڈیا وفد کا دورہ پاکستان اور ازبکستان کے عوام کے درمیان باہمی تفہیم کو فروغ دینے اور میڈیا روابط، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور عوامی رابطوں کے ذریعے دونوں برادر ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس سے ازبکستان کے عوام میں پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے، سیاحتی صلاحیت، معاشی ترقی اور عصری کامیابیوں کو مزید اجاگر کرنے میں مدد ملے گی جبکہ دونوں ممالک کی میڈیا برادری میں تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔