چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن سارہ احمد نے ایف جی سکول کے طلبہ کے لیے بچوں کے تحفظ اور ذاتی حفاظت کے حوالے سے خصوصی آگاہی لیکچر دیا
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کا طلبہ کے لیے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی لیکچر

مزید خبریں
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن سارہ احمد نے ایف جی سکول کے طلبہ کے لیے بچوں کے تحفظ اور ذاتی حفاظت کے حوالے سے خصوصی آگاہی لیکچر دیا۔لیکچر کے دوران چیئرپرسن سارہ احمد نے طلبہ کو بچوں کے تحفظ،ذاتی حفاظت،آن لائن ہراسانی و استحصال،محفوظ و غیر محفوظ رویوں اور مختلف حفاظتی خطرات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ کسی بھی نامناسب لمس یا رویے کی صورت میں خاموش نہ رہیں،بلکہ فوری طور پر کسی قابلِ اعتماد بالغ فرد،والدین یا استاد کو آگاہ کریں۔سارہ احمد نے بچوں کو گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کے حوالے سے عمر کے مطابق آسان انداز میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو اپنے جسم کی حفاظت اور ذاتی حدود کے بارے میں بنیادی معلومات ہونا ضروری ہے۔چیئرپرسن نے کہا کہ جسمانی و جذباتی تشدد، نظراندازی، انٹرنیٹ کے منفی رجحانات اور غیر اخلاقی مواد تک رسائی بچوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے طلبہ کو سائبر بلنگ، نامناسب پیغامات، جعلی پروفائلز اور اجنبی افراد سے آن لائن رابطوں کے خطرات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے بچوں کو خصوصی ہدایت کی کہ کسی اجنبی پر اعتماد نہ کریں اور سوشل میڈیا یا کسی بھی آن لائن پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی تصویر، ویڈیو، گھر کا پتہ، فون نمبر یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔سارہ احمد نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کے انٹرنیٹ استعمال، آن لائن گیمنگ اور سوشل میڈیا ایکٹیویٹی پر خصوصی نظر رکھیں۔ والدین بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ان کی عمر اور ضرورت کے مطابق محدود اور مانیٹر کریں،کیونکہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر موجود بعض نامناسب اور نقصان دہ مواد بچوں کی ذہنی و جذباتی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔آگاہی لیکچر کے دوران حیا اور بہادر اینیمیٹڈ ویڈیو بھی دکھائی گئی،جس کے ذریعے بچوں کو مشکل یا غیر محفوظ صورتحال میں درست فیصلہ کرنے،خطرے کو پہچاننے اور بروقت مدد حاصل کرنے کا پیغام دیا گیا۔اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے بچوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے اور اللہ تعالی کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنانے کی تلقین بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺکی سیرتِ طیبہ اور احادیثِ مبارکہ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے کردار کو بااخلاق، مثبت اور ذمہ دار بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ علم، اچھے اخلاق،والدین و اساتذہ کا احترام اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا ایک اچھے معاشرے کی بنیاد ہے۔چیئرپرسن سارہ احمد نے واضح کیا کہ بچوں کا تحفظ صرف اداروں کی نہیں بلکہ والدین، اساتذہ اور معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔بچوں کو کسی بھی خطرے یا زیادتی کی صورت میں خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ فورا کسی قابلِ اعتماد بالغ فرد کو آگاہ کرنا چاہیے۔لیکچر کے دوران طلبہ کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی چائلڈ ہیلپ لائن1121 کے ذریعے مدد حاصل کرنے اور شکایت درج کرانے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔آگاہی لیکچر میں طلبہ نے شرکت کی،جبکہ بچوں کے تحفظ، ذاتی حفاظت اور آن لائن سیفٹی سے متعلق سوال و جواب اور مختلف آگاہی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔چیئرپرسن سارہ احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ محفوظ بچے ہی محفوظ معاشرے اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔








