چیف سیکرٹری کی ایم ڈی کیٹ کے انتظامات کا جائزہ اجلاس، تمام محکموں کو مکمل باہمی تعاون کی ہدایت

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔چیف سیکرٹری آفس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

پشاور۔ 15 ستمبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔چیف سیکرٹری آفس پشاور تر جمان کے مطابق اجلاس میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو امتحان کے شفاف انعقاد کے لیے مکمل باہمی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔حکام نے چیف سیکرٹری کو ادارہ جاتی ڈھانچے، لاجسٹکس، امیدواروں کی تفصیلات اور امتحان کو شفاف اور محفوظ انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف محکموں کو تفویض کردہ ذمہ داریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق، پی ایم اینڈ ڈی سی کے مرکزی آن لائن پورٹل کے ذریعے 38,842 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی ہے، جن میں 20,736 طالبات (53 فیصد) اور 18,106 طلباء (47 فیصد) شامل ہیں۔

صوبے کے سات ڈویژنز میں 59 امتحانی مراکز میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔پشاور ریجن کے 13 مراکز میں 16,721 امیدوار شریک ہوں گے، اس کے بعد مردان جہاں چھ مراکز میں 5,459 امیدوار، ایبٹ آباد میں پانچ مراکز میں 4,996 امیدوار اور سوات میں سات مراکز میں 4,937 امیدوار امتحان دیں گے۔ ضلع دیر لوئر و مالاکنڈ میں تین مراکز پر 2,795 امیدوار، ڈیرہ اسماعیل خان میں تین مراکز پر 2,374 امیدوار جبکہ کوہاٹ میں تین مراکز پر 1,560 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے صوبائی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امتحان میرٹ، سکیورٹی اور انتظامی نظم و ضبط کے سخت اصولوں کے تحت منعقد کیا جائے گا اور تمام متعلقہ اداروں کو 20 ستمبر تک قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔