صدر مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کا کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسلام آباد دفتر کا دورہ ،اجلاس میں شرکت کی

مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسلام آباد دفتر کا دورہ کیا

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے وفد کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے اسلام آباد دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی کی زیر صدارت حریت قیادت کے اجلاس میں شرکت کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق مسلم کانفرنس کے وفد میں میجر سردار نصراللہ خان، سردار عاصم عباسی اور عبدالجبار شامل تھے۔اجلاس میں مسئلہ کشمیر، جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی قابض حکام کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی، خطے کی مجموعی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے بات کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے طاقت کے استعمال، پابندیوں، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔غلام محمد صفی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور حریت قیادت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر موثر رابطہ، مشاورت اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر مسلم کانفرنس آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلم کانفرنس مسئلہ کشمیر کو اپنی سیاسی جدوجہد کا بنیادی حصہ سمجھتی ہے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے اپنے والد مجاہد اول، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان مرحوم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ جموں و کشمیر کو اولین ترجیح دی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے بھرپور آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان کی پوری سیاسی جدوجہد کشمیر کاز سے وابستہ رہی اور مسلم کانفرنس آج بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے ساتھ باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، میجر سردار نصراللہ خان اور زاہد صفی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور منصفانہ حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں اور حق خودارادیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور حریت قیادت کے درمیان مسلسل رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، جموں و کشمیر کے عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے، بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں، باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جائے گا۔اس موقع پر سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، چوہدری شاہین اقبال، انجینئر محمود، سید اعجاز رحمانی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی کامیابی، جموں و کشمیر کے عوام کی ثابت قدمی، شہداکے درجات کی بلندی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔