وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سے جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی کی ملاقات،مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل نے ملاقات کی

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل نے ملاقات کی۔ پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل بھی ملاقات میں شریک تھیں۔ ملاقات میں پاک جرمن تعلقات، مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور اقلیتوں کے حقوق آئین کے تحت محفوظ ہیں اور حکومت ان کے مذہبی، سماجی اور معاشرتی حقوق کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور مذہب مخالف مواد کی روک تھام کے لئے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جو مذہبی منافرت کے تدارک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کام کر رہا ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی غیر مسلم آبادی کے اہم مذہبی تہواروں کو سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے۔ وزارت مذہبی امور ملک بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کر رہی ہے جن کا مقصد مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کی فضا کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے غیر مسلم نادار افراد کی مالی معاونت اور مستحق طلبہ کے لئے تعلیمی وظائف بھی فراہم کئے جا رہے ہیں،غیر مسلم یتیم بچیوں کو شادی گرانٹ مہیا کی جاتی ہےجبکہ غیر مسلم عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کے لئے بھی خصوصی فنڈ مختص ہے۔جرمن کمشنر برائے مذہبی آزادی تھامس ریچل نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت کا نام اور کام دونوں منفرد اور لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے فروغ کے لئے مذاہب کے درمیان باہمی احترام، برداشت اور مسلسل مکالمہ ناگزیر ہے۔تھامس ریچل نے مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دے کر عالمی سطح پر امن اور ہم آہنگی کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ملاقات کے دوران مذہبی آزادی، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لئے پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مذاہب کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دے کر معاشروں میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔