کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کی آر ڈی اے کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت

کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات و غیر قانونی کمرشل استعمال سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں

راولپنڈی۔ 15 ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی کی ہدایات پر آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات و غیر قانونی کمرشل استعمال سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ اس سلسلے میں آر ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے مڈ سٹی اپارٹمنٹس، سروس روڈ، موضع گنگال میں جاری غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف پنجاب پولیس تھانہ ایئرپورٹ ڈھوک للیال پولیس چوکی کے تعاون سے آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غیر مجاز دفاتر، ریسٹورنٹس اور غیر قانونی پینٹ ہاؤسز سمیت مختلف غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کو سیل کر دیا گیا۔ یہ کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976، آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز اور دیگر متعلقہ پلاننگ قوانین کے تحت عمل میں لائی گئی۔ بلڈنگ سپرنٹنڈنٹ آر ڈی اے فہد علی بھٹی کی نگرانی میں بلڈنگ انسپکٹرز ، بلڈنگ سروےئر اور دیگر انفورسمنٹ عملے کے ہمراہ آپریشن کیا گیا۔ ٹیم میں مختار احمد، شفیق الرحمن، عامر محمود، اسد خان اور مشتاق احمد شامل تھے۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق اتھارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ اس کے زیر کنٹرول علاقوں میں کسی بھی غیر مجاز کمرشل سرگرمی، غیر قانونی تعمیرات یا ترقیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منظور شدہ بلڈنگ پلانز، زوننگ ریگولیشنز اور دیگر متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات، غیر مجاز ترقیاتی کاموں اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق جاری رہیں گی۔ فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے منظم شہری ترقی اور متعلقہ قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی تعمیر یا غیر مجاز ترقیاتی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی۔ عوام الناس کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم یا تعمیراتی منصوبے میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور منظوری کی صورتحال کی مکمل تصدیق کریں۔ شہری غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز ترقیاتی سرگرمیوں کی اطلاع آر ڈی اے کو بھی دیں تاکہ قانون کے مطابق بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔