بورڈ آف ریونیو اصلاحات و ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس

وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ خیبر پختونخوا طارق محمود اریانی کی زیرِ صدارت بورڈ آف ریونیو اصلاحات و ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے قائم ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا

پشاور۔ 15 ستمبر (اے پی پی):وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ خیبر پختونخوا طارق محمود اریانی کی زیرِ صدارت بورڈ آف ریونیو اصلاحات و ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے قائم ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔محکمہ ریونیو خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں ایم این اے این اے-22 محمد عاطف خان، ایم این اے این اے-31 ارباب شیر علی، منیجنگ ڈائریکٹر کے پی آئی ٹی بی، ٹیکنیکل ایکسپرٹ خالد سعید، ممبر سیٹلمنٹ اینڈ کنسولیڈیشن بورڈ آف ریونیو، ممبر ایڈمنسٹریشن اینڈ ریفارمز بورڈ آف ریونیو، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ریکارڈز اور ڈائریکٹر مینجمنٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم آئی ایس) ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ ریکارڈز نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی ایجنڈا ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔

شرکاء نے بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات، اراضی ریکارڈ کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور متعلقہ امور پر پہلے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ ریونیو و اسٹیٹ طارق محمود اریانی نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ریونیو اور اراضی ریکارڈ کے نظام میں شفافیت، کارکردگی اور عوامی سہولت کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ اصلاحاتی عمل کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔

وزیرِ ریونیو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو عملی اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے اور عوام کو ریونیو و اراضی ریکارڈ سے متعلق خدمات کی فراہمی میں زیادہ سے زیادہ سہولت یقینی بنائی جائے۔