ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور فیصل آباد گرین لائینز کلب کے اشتراک سے شجرکاری مہم کے تحت فیصل آباد شہر کے سرکاری سکولوں میں ایک روز میں 7 ہزار پودے لگائے گئے
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور گرین لائینز کلب کے اشتراک سے شجرکاری مہم

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اور فیصل آباد گرین لائینز کلب کے اشتراک سے شجرکاری مہم کے تحت فیصل آباد شہر کے سرکاری سکولوں میں ایک روز میں 7 ہزار پودے لگائے گئے۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول پیپلز کالونی میں پودے لگائے۔ اس موقع پر طالب علموں نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا جبکہ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی راؤ عبدالکریم کے علاوہ دیگر افسران اور فیصل آباد گرین لائینز کلب کے عہدیداران بھی موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے فیصل آباد گرین لائینز کلب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو تروتازہ،ایئرکوالٹی انڈکس کو بہتر اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے درختوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے ایک یوم میں سکولوں میں 7 ہزار پودے لگانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے ان کی دیکھ بھال اور پروان چڑھانے کے لئے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔کمشنر نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ”مائی پلانٹ مائی کلاس فیلو” کی لانچنگ کررہے ہیں اس پروگرام کے تحت ہشتم،نہم اور دہم کے طالب علم مل کر پودے لگائیں گے اور پودوں کی نشوونما،دیکھ بھال اور ان کی پرورش پر بھی طالب علموں کی ڈیوٹی ہونگی۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز اور اینٹوں کے بھٹوں کے اردگرد ماحول کو صاف رکھنے کے لئے بھی پلانٹیشن کرائی جارہی ہے جبکہ پارک اپنائیں اپنا نشان چھوڑیں مہم بھی شروع کی گئی ہے جس کے تحت سول سوسائٹی پارک آڈاپ کرکے اس میں سہولیات کو بہتر بنائے گی۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول خوشگوار بنانے میں اپنا کردار اداکریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درخت نہ صرف دھرتی کا حسن بلکہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچاتے ہیں۔انہوں نے لگائے گئے پودوں کو تن آور درخت بنانے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ میاں محمد ادریس،صدر چیمبر آف کامرس فاروق یوسف شیخ،زاہد محمود بٹ ودیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔








