ایچ ای سی کا ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے لیے نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا اعلان
ایچ ای سی کا ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے لیے نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (ناہے) نے سرکاری شعبے کی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے لیے دو ہفتوں پر مشتمل نیشنل فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام ٹیئر ٹو کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ایچ ای سی کے مطابق پروگرام کا مقصد فیکلٹی کی پیشہ ورانہ ترقی اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تربیت فراہم کرنا ہے جبکہ تربیتی پروگرام اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
پروگرام میں سرکاری شعبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مستقل اور کل وقتی ایسوسی ایٹ پروفیسرز شرکت کے لیے نامزدگی کے اہل ہوں گے جن کی عمر 45 سال یا اس سے کم ہو اور وہ ناہے-ایچ ای سی کے مقررہ اہلیت کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوں۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ وہ فیکلٹی ممبران جنہوں نے ناہے-ایچ ای سی کے تحت ٹیئر ٹو تربیت پہلے ہی مکمل کر لی ہے، نامزدگی کے اہل نہیں ہوں گے۔
نامزدگی کی متعلقہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے توثیق بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق تربیتی پروگرام عارضی طور پر ستمبر 2026ء کے آخر میں منعقد کرنے کی تجویز ہے جبکہ حتمی شیڈول اور منتخب امیدواروں کے بارے میں ناہے-ایچ ای سی کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا۔
ایچ ای سی نے کہا ہے کہ نامزدگی جمع کرانے سے انتخاب کی ضمانت نہیں ہوگی اور حتمی انتخاب مقررہ معیار کے مطابق ناہے-ایچ ای سی کرے گا۔ نامزدگیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 ستمبر 2026ء مقرر کی گئی ہے۔








