فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مالی لحاظ سے مستحکم اور خود انحصار ادارہ بنانا اولین ترجیح ہے،ڈی جی

ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ادارہ کو مالی لحاظ سے مستحکم اور خود انحصار ادارہ بنانا اولین ترجیح ہے

فیصل آباد ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ادارہ کو مالی لحاظ سے مستحکم اور خود انحصار ادارہ بنانا اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لئے ادارے کے دستیاب مالی وسائل کو دانشمندانہ اور مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے ایسے پائیدار اور منافع بخش منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے ایف ڈی اے کے لئے مستقل آمدن کے ذرائع پیدا ہوں اور شہری ترقی کے منصوبوں کو بھی مزید وسعت دی جا سکے۔وہ اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایف ڈی اے سٹی کے مختلف دستیاب رقبہ جات میں سے فیسکو کو فروخت کئے گئے284 پلاٹس سے حاصل ہونے والے ریونیو کے مؤثر استعمال، مختلف بزنس ماڈلز اور مستقبل کے مالی منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز عدنان شہزاد، افضال انصاری و دیگر افسران انقلابی ورکرز یونین کے عہدیداروں صداقت بلوچ اور شیخ عمران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف ڈی اے سٹی کے 284 پلاٹس فیسکو کو مجموعی طور پر 2 ارب 34 کروڑ76 لاکھ روپے میں فروخت کئے گئے ہیں جبکہ اس معاہدے کے تحت فیسکو سے وصول ہونے والی پہلی قسط کی مد میں 58 کروڑ 60 لاکھ روپے حاصل ہوئے ہیں۔ اس خطیر رقم کو فوری طور پر ایسے منصوبوں میں بروئے کار لانے کے لئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو ایف ڈی اے کے لئے مستقبل میں مستقل اور پائیدار آمدن کا ذریعہ بن سکیں۔ اس سلسلے میں مختلف بزنس ماڈلز کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو قابلِ عمل تجاویز اور منصوبے مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ادارے کے مالی وسائل کو محض روایتی اخراجات پر صرف کرنے کے بجائے آمدن پیدا کرنے والے منصوبوں اور پیداواری اثاثوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جائے گی۔ ایسے منصوبوں کا انتخاب کیا جائے گا جن سے ایف ڈی اے کو طویل مدت میں مالی فوائد حاصل ہوں، ادارے کی مالی خود مختاری مضبوط ہو اور شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے زیادہ وسائل دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے اثاثہ جات انتہائی قیمتی عوامی وسائل ہیں اور ان کا استعمال مکمل شفافیت، میرٹ اور ادارے کے وسیع تر مالی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ ہر منصوبے کی فزیبلٹی، متوقع آمدن، اخراجات، سرمایہ کاری اور مستقبل کے مالی فوائد کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا تاکہ دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ڈی جی ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے سٹی کے دستیاب مختلف رقبہ جات میں سے فیسکو کو 284 پلاٹس کی فروخت کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ادارے کو خاطر خواہ مالی وسائل حاصل ہوئے ہیں جنہیں دانشمندانہ منصوبہ بندی کے ذریعے ایف ڈی اے کی مالی بنیاد مزید مضبوط بنانے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی/ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ عدنان شہزاد اور ان کی ٹیم کی محنت، مؤثر ورکنگ اور پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ ایف ڈی اے کے مالی وسائل کے استعمال میں مکمل شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے اور ہر تجویز کو ادارے کے طویل مدتی مالی استحکام کے تناظر میں پرکھا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر غور بزنس ماڈلز کا تکنیکی و مالی جائزہ مکمل کرکے قابلِ عمل تجاویز جلد پیش کی جائیں تاکہ حاصل شدہ رقم کو بروقت اور نتیجہ خیز انداز میں استعمال کیا جا سکے۔