ایف بی آر کے افسران اور تاجر نمائندے چاروں صوبوں میں آسان ٹیکس سکیم کے تحت بازاروں میں جاکر اور مل کر دکانداروں کو رجسٹر کریں گے،حکومت اور تاجر تنظیموں کے قائدین کااتفاق

حکومت اور تاجر تنظیموں کے قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ ایف بی آر کے افسران اور تاجر نمائندے چاروں صوبوں میں آسان ٹیکس سکیم کے تحت بازاروں میں جاکر اور مل کر دکانداروں کو رجسٹر کریں گے

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):حکومت اور تاجر تنظیموں کے قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ ایف بی آر کے افسران اور تاجر نمائندے چاروں صوبوں میں آسان ٹیکس سکیم کے تحت بازاروں میں جاکر اور مل کر دکانداروں کو رجسٹر کریں گے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت آسان ٹیکس سکیم کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تاجرتنظیموں کے قائدین اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری کے علاوہ ممبر ان لینڈ ریونیوآپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام ،چیف کمشنرز، آر ٹی او اسلام آباد اور راولپنڈی شریک ہوئے ، ملک بھر کے آر ٹی اوز اور سی ٹی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے آر ٹی اوز اور سی ٹی اوز کی اب تک کی کارکردگی اور سکیم پر عملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تاجر نمائندے اور ایف بی آر افسران مل کر اپنے متعلقہ علاقے کے بازاروں میں رجسٹریشن کی سہولت دینے کی حکمت عملی بنائیں گے۔ ایف بی آر ریجنل ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس دفاترکے افسران اگلے دنوں میں تاجروں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر ملک بھر کے پہلے سے طے شدہ وقت پر بازاروں میں جائیں گے، آئندہ ہفتے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی صدارت میں آسان ٹیکس سکیم پر پھر اجلاس منعقد ہوگا جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس موقع پر تاجروں کی طرف سے آسان ٹیکس سکیم پر اب تک کے فیڈ بیک کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سرپرستی میں حکومت نے تاجروں کے مطالبے پر آسان ٹیکس سکیم جاری کی اور وعدے کو پورا کرتے ہوئے اس پر موثر عملدرآمد کا آغازبھی کیاگیا،آج آسان ٹیکس سکیم کے تحت اسلام آباد میں پہلی پلیٹ لگائی گئی ہے جس سے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کل ملک بھر میں آسان ٹیکس سکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کی دکانوں پر پلیٹیں لگیں گی، یہ سکیم ٹیکس نیٹ بڑھانے اور تاجروں کی زندگی میں سہولت لانے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ آسان ٹیکس سکیم پر پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور اس تاریخی سکیم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر کوشش کی جائے گی۔