مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس، لائف سٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس اور آئی-12 فلیٹس سمیت تمام ہائوسنگ منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس، لائف سٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس اور آئی-12 فلیٹس سمیت تمام ہائوسنگ منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس نے اسلام آباد میں لائف سٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس جی-13 اور آئی-12 فلیٹس سمیت بڑے عوامی رہائشی منصوبوں کی تکمیل میں طویل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام ہائوسنگ منصوبوں کی بروقت، شفاف اور نتیجہ خیز تکمیل یقینی بنانے اور الاٹیز کے مفادات کا تحفظ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی آئی ڈی سی ایل) کی کارکردگی، امور، ادارہ جاتی تنظیم نو، تکنیکی استعداد اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کو پی آئی ڈی سی ایل کی جانب سے ایس اے پی/ای آر پی، راست پر مبنی ادائیگیوں، ای آفس، ای پی اے ڈی ایس اور جی آئی ایس کے ذریعے منصوبوں کی نگرانی سمیت مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے شفافیت، مضبوط مالیاتی نظم و نسق اور منصوبوں کی موثر نگرانی پر زور دیا۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کی جانب سے جی-13 میں لائف سٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس منصوبے میں تاخیر کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

وزارت ہائوسنگ و ورکس نے بتایا کہ منصوبے میں تاخیر مالی مشکلات، مشترکہ منصوبے کے شراکت داروں کے درمیان تنازعات، معاہداتی و انتظامی مسائل اور بعد ازاں تعمیراتی معاہدہ ختم کیے جانے کے باعث ہوئی۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ تعمیراتی لاگت میں نمایاں اضافے کے باعث منصوبہ اصل الاٹمنٹ نرخوں پر مالی طور پر قابل عمل نہیں رہا جس کے پیش نظر ایف جی ای ایچ اے رہائشی حصے کی تکمیل کے لیے کمرشل انوینٹری کو استعمال کرتے ہوئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا کاروباری ماڈل اختیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ موجودہ الاٹیز پر اضافی مالی بوجھ کم سے کم رکھا جا سکے۔اجلاس میں الاٹیز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی شکایات بھی سنی گئیں۔ چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری نے مطلوبہ رقوم کی ادائیگی کے باوجود لائف سٹائل ریزیڈنسی اپارٹمنٹس منصوبے میں طویل تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبہ فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے اور جلد مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔

سیکرٹری وزارت ہائوسنگ و ورکس نے کمیٹی کو بتایا کہ وفاقی وزیر کی ہدایات کی روشنی میں منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے اور نئے جوائنٹ وینچر معاہدے کی تیاری کا عمل حتمی مراحل میں ہے جس کے بعد جلد اشتہار جاری کیا جائے گا۔قائمہ کمیٹی نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ مزید تاخیر کے بغیر منصوبے میں ٹھوس پیش رفت یقینی بنائی جائے، الاٹیز کے مفادات کا تحفظ کیا جائے اور اپارٹمنٹس کی جلد تکمیل کے بعد بروقت قبضہ دیا جائے۔

کمیٹی نے واضح کیا کہ عوامی رہائشی منصوبوں میں طویل تاخیر ناقابل قبول ہے اور تمام منصوبوں پر پیش رفت کی باقاعدگی سے رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے تاکہ ان کی تکمیل تک نگرانی کا عمل جاری رکھا جا سکے۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی انجم عقیل خان، ابرار احمد، حاجی رسول بخش چانڈیو، ثمینہ خالد گھرکی (آن لائن)، عثمان علی، سید سمیع الحسن گیلانی، سیما محی الدین جمیلی، ڈاکٹر درشن، وفاقی وزیر ہائوسنگ و ورکس میاں ریاض پیرزادہ ، سیکرٹری وزارت ہائوسنگ و ورکس کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود اور وزارت و متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔