پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سہ فریقی ویمنز انڈر 19 ٹی 20 سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا

مزید خبریں
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ تینوں ٹیمیں ٹرپل راونڈ رابن فارمیٹ کے تحت تین، تین میچز کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیموں کے درمیان 16 اکتوبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔سری لنکا کی انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ میزبان پاکستان کی ٹیم 16 سے 27 ستمبر تک فیصل آباد میں پری سیریز تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی، جبکہ تینوں ٹیمیں 29 اور 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو اقبال اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی۔اقبال اسٹیڈیم میں یہ پہلا ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ ہوگا۔ اس سے قبل نومبر 2025 میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی ون ڈے سیریز کے ذریعے 17 سال بعد فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی تھی۔اے سی سی ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر سہ فریقی سیریز کو ٹرپل راونڈ رابن فارمیٹ میں رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا موقع مل سکے۔ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم چھ، چھ ٹی 20 میچز کھیلے گی۔سیریز کا آغاز 2 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہوگا، جبکہ 3 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ 4 اکتوبر کو تمام ٹیموں کو آرام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 10 میچز کھیلے جائیں گے۔ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی نے سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان انڈر 19 کے 20 رکنی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا ہے۔ فضا فیاض ٹیم کی قیادت کریں گی، جبکہ ٹاپ آرڈر بیٹر قرمروش فرحان، اوپننگ بیٹرز ملائکہ سہانی اور پاکیزہ شبیر اور آف اسپنر افشین خان کو پہلی مرتبہ قومی انڈر 19 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔قرمروش فرحان نے نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ میں 139 رنز بنا کر اپنی جگہ بنائی اور اپنی بہن راویل فرحان کے ساتھ اسکواڈ کا حصہ بن گئی ہیں۔ پاکیزہ شبیر 283 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کی بہترین بیٹر رہیں، جبکہ ملائکہ سہانی نے 192 رنز بنائے۔ دائیں ہاتھ کی آف اسپنر افشین خان نے 18 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کی بہترین باولر کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کل فیصل آباد پہنچے گا، جہاں اقبال اسٹیڈیم اور بوہڑنوالہ میں 12 روزہ تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ کیمپ کے دوران تربیتی سیشنز کے ساتھ کم از کم چار انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔سہ فریقی سیریز کے میچ ڈے پر 20 رکنی اسکواڈ میں سے صرف 15 کھلاڑی انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ باقی پانچ کھلاڑی فیصل آباد میں قیام کریں گے اور سیریز کے دوران باری باری 15 رکنی میچ اسکواڈ میں شامل کیے جائیں گے۔پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ میں فضا فیاض (کپتان)، عفشین خان، الزوہا حمد، اقصی حبیب، عریشہ انصاری (وکٹ کیپر)، کومل خان (وکٹ کیپر)، ماہ نور، برائرہ سیف، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، ملائکہ سہانی، مومنہ خالد، پاکیزہ شبیر، قرمروش فرحان، راحیمہ سید، راویل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور زوفیشان ایاز شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ محمد مسرور، بیٹنگ کوچ شعیب خان، باولنگ کوچ نعیم طیب، فیلڈنگ کوچ جویریہ روف، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ تیمور محمود، فزیوتھراپسٹ سرکشا شیکر، پرفارمنس اینالسٹ ایمان طفیل ارباب اور ٹیم منیجر عائشہ جلیل بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔سہ فریقی سیریز کے شیڈول کے مطابق تمام میچز صبح 10 بجے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوں گے۔ 2 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش، 3 اکتوبر کو سری لنکا، 5 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش، 6 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش، 8 اکتوبر کو بنگلہ دیش اور سری لنکا، 9 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا، 11 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش، 12 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا، جبکہ 14 اکتوبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ہوگا۔ فائنل 16 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔








