ایف آئی اے گوجرانوالہ کی انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی، 13 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ، بیرون ملک ملازمت کے نام پر فراڈ اور شہریوں سے رقوم ہتھیانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے

سیالکوٹ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ، بیرون ملک ملازمت کے نام پر فراڈ اور شہریوں سے رقوم ہتھیانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں جن پر برطانیہ، اٹلی، اسپین، سعودی عرب، دبئی، کویت، ترکی اور بوسنیا بھیجنے کے بہانے شہریوں سے مبینہ طور پر لاکھوں اور کروڑوں روپے وصول کرنے کے الزامات ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے بیرون ملک ملازمت اور سفر کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے شہریوں سے رقوم وصول کیں تاہم وعدے پورے نہ کیے اور مبینہ طور پر وصول کی گئی رقوم بھی واپس نہ کیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ایک مقدمہ میں شکایت کنندہ سے ایک کروڑ 54 لاکھ روپے جبکہ دیگر مقدمات میں بھی لاکھوں روپے کی مبینہ فراڈ شدہ رقوم سامنے آئی ہیں۔ترجمان کے مطابق مذکورہ مقدمات میں شہریوں سے مبینہ طور پر ہتھیائی گئی رقم مجموعی طور پر 2 کروڑ 89 لاکھ 65 ہزار 400 روپے اور ایک ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ تمام مقدمات کی مزید تفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے۔