ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق دھان کے علاقوں میں کاشتکاروں کیلئے آگاہی مہم کے سلسلہ میں مساجد سے 23ہزارسے زائد اعلانات کرائے گئے جبکہ 3لاکھ71ہزار سے زائدتنبیہی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں
سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت دھان کے علاقوں میں کاشتکاروں کیلئے آگاہی مہم جاری ہے،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق دھان کے علاقوں میں کاشتکاروں کیلئے آگاہی مہم کے سلسلہ میں مساجد سے 23ہزارسے زائد اعلانات کرائے گئے جبکہ 3لاکھ71ہزار سے زائدتنبیہی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے آگاہی مہم کو مزید نتیجہ خیز بنانے کیلئے سوشل میڈیا کا موثر استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ سموگ کے خلاف جاری مہم کو مزید موثر بنانے کیلئے 141عوامی نمائندوں سے رابطے کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ دھان کی باقیات کی تلفی کیلئے 163بیلرز اور1259کبوٹا ہارویسٹرز فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔مزید براں، دھان کے علاقوں میں محکمہ زراعت پنجاب کے خصوصی 145 اینٹی سموگ سکواڈز موجود ہیں جو مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔اب تک صوبہ بھر میں دھان کی فصل کو آگ لگانے کے 20واقعات ہوئے ہیں اور18افراد خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔اب تک دھان کی باقیات کو آگ لگانے والے عناصر کو مجموعی طور پر 3لاکھ30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ 1ایف آئی آر کا اندراج عمل میں لایا جا چکا ہے۔








