عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر نیو ڈپٹی کمشنر کمپلیکس حیدرآباد میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (آر ڈی ایف) کے زیرِ اہتمام سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان کے ساتھ مکالماتی و مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
عالمی یومِ جمہوریت: حیدرآباد میں سول سوسائٹی کا مشاورتی مکالمہ، جمہوری اقدار کے فروغ پر زور

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 15 ستمبر (اے پی پی):عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر نیو ڈپٹی کمشنر کمپلیکس حیدرآباد میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (آر ڈی ایف) کے زیرِ اہتمام سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان کے ساتھ مکالماتی و مشاورتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔نشست کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II حیدرآباد مہوش اعجاز نے کی جبکہ سول سوسائٹی کی مختلف تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہوش اعجاز نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے شہریوں کی فعال شرکت، انسانی حقوق کا تحفظ اور جمہوری اقدار کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی عوام میں جمہوری شعور اجاگر کرنے اور شہریوں کو ان کے حقوق و فرائض سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ نشست میں جمہوریت کی اہمیت، شہریوں کی مؤثر شرکت، انسانی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں جمہوری اقدار کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے جمہوری نظام کو مزید مستحکم بنانے، فیصلہ سازی کے عمل میں شہریوں کی شمولیت بڑھانے اور معاشرے میں جمہوری شعور اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔








