پنجاب پبلک سروس کمیشن کا مختلف امتحانی نتائج کا اعلان

پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ خزانہ پنجاب سمیت مختلف محکمہ جات کی آسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے

لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ خزانہ پنجاب سمیت مختلف محکمہ جات کی آسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں ۔ منگل کو ترجمان کے مطابق ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر، شیخوپورہ میں جونیئر کلرک کی 19 اسامیوں کے لیے75 امیدوار تحریری امتحان، انگلش ٹائپنگ ٹیسٹ اور پروفیشنسی ٹیسٹ کے بعد انٹرویو کے لیے عارضی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ٹیپا، ایل ڈی اے، محکمہ ہائوسنگ اربن ڈیویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں سب انجینئر مکینیکل کی ایک آسامی کے لیے5 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجاب، پنجاب ٹریژریز اینڈ اکائونٹس سروس میں ڈپٹی اکائونٹنٹ کی60 اسامیوں کے لیے 301 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں۔ پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں آڈٹ آفیسر کی ایک آسامی کے لیے5 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب سروس ٹربیونل، ایس اینڈ جی اے ڈی میں سٹینوگرافر کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 9 امیدواروں کو صوبائی حکومت میں تقرری کے لیے سفارش کیا گیا ہے۔ پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن اینڈ کلائمیٹ چینج ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی کے عہدے پر ایک امیدوار کو صوبائی حکومت میں تقرری کے لیے سفارش کیا گیا ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی، محکمہ خزانہ میں ایڈمن آفیسر کے عہدے پر4 امیدواروں کو صوبائی حکومت میں تقرری کے لیے سفارش کیا گیا ہے۔تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر منظور شدہ شیڈول کے مطابق اپ لوڈ کیے جائیں گے، جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اصل تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔