ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی راولپنڈی کی زیرصدارت اجلاس، ریڈ کریسنٹ ہسپتال کو چھ ماہ میں مکمل فعال کرنے کا عزم

ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ریڈ کریسنٹ ہسپتال کو آئندہ چھ ماہ میں مکمل فعال کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے

راولپنڈی۔15ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ریڈ کریسنٹ ہسپتال کو آئندہ چھ ماہ میں مکمل فعال کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریباً 100 بستروں کی گنجائش رکھنے والے ہسپتال کی موجودہ عمارت کا غیر فعال ہونا قابل افسوس ہے، اسے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کیا جائے گا۔اس حوالے سے پیر کو ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ریڈ کریسنٹ سوسائٹی راولپنڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی او ہیلتھ اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ ہسپتال کی سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت اور تقریباً 100 بستروں کی گنجائش موجود ہونے کے باوجود ہسپتال کا غیر فعال ہونا لمحہ فکریہ ہے، ہسپتال کو مکمل طور پر فعال کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی بحالی اور فعالیت کے لیے صوبائی چیئرمین و گورنر پنجاب سے بھی درخواست کی جائے گی جبکہ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ممبران، مخیر حضرات اور دیگر دستیاب ذرائع سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔

ہسپتال کی بحالی کے عمل میں تمام متعلقہ اداروں اور سوسائٹی کے ممبران کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر آئندہ چند روز میں ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ممبران کے ہمراہ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کریں گے۔ اس دوران ہسپتال کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات، ضروری مرمت و بحالی کے کاموں اور مختلف طبی شعبہ جات کو فعال کرنے کے لیے درکار اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں ہسپتال کی بحالی کے ابتدائی مرحلے میں گائنی اور بچوں کے شعبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی جلد شروع کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی سکیورٹی اور چوکیداری کے مسئلے کا بھی فوری نوٹس لیتے ہوئے سول ڈیفنس کے چار اہلکار فوری طور پر ہسپتال میں تعینات کرنے کی ہدایت کی۔کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ تمام ممبران، متعلقہ اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے آئندہ چھ ماہ کے اندر ریڈ کریسنٹ ہسپتال کو ایک بہترین اور مکمل فعال طبی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا جہاں شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کو معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں گی۔