تمام محکمے اپنی کارکردگی میں شفافیت، رفتاراورجوابدہی کو یقینی بنائیں،چیف سیکرٹری

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں سیکرٹریز نے مختلف محکموں کی گزشتہ دو برس کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اصلاحات، اہداف کے حصول اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں سیکرٹریز نے مختلف محکموں کی گزشتہ دو برس کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اصلاحات، اہداف کے حصول اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں سیکرٹریز سی ایم آئی ٹی، پراسیکیوشن، بین المذاہب ہم آہنگی، ویمن ڈویلپمنٹ اور آئی پی سی نے اپنے شعبوں کی کارکردگی، جاری اقدامات، درپیش چیلنجز اور آئندہ ترجیحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹریز نے محکموں میں نافذ کیے گئے اصلاحاتی اقدامات، سروس ڈیلیوری میں بہتری، انتظامی کارکردگی اور عوامی سہولت کے فروغ سے متعلق پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام محکمے اپنی کارکردگی میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے محکموں میں ڈیجیٹائزیشن پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے سرکاری امور میں سہولت، تیزی اور شفافیت لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر آن لائن سسٹمز، ڈیجیٹل ریکارڈ، گورننس اور مربوط مانیٹرنگ میکانزم کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، بہتر گورننس اور عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور مستقبل کے لیے واضح، قابلِ عمل اور نتیجہ خیز روڈ میپ کے مطابق کام کریں۔