چین پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں تعاون کرے گا، وفاقی وزیر داخلہ اور چینی نائب وزیر پبلک سکیورٹی کے مابین ملاقات میں اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سکیورٹی گاو چی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، جس میں پاک-چین دوطرفہ تعلقات، انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منشیات کے حوالے سے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سکیورٹی گاو چی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، جس میں پاک-چین دوطرفہ تعلقات، انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منشیات کے حوالے سے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور فورسز کو جدید ٹیکنالوجی و آلات کی فراہمی سے متعلق باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق رائے ہوا کہ چین پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں بھرپور تکنیکی و لاجسٹک تعاون فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مجوزہ لا انفورسمنٹ سینٹر پاک۔چین لازوال دوستی کی ایک اور روشن علامت ثابت ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ عصرِ حاضر کے سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے چینی آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ ٹیکنالوجی اور جدید آلات سے انتہائی مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ داخلی سلامتی سے متعلق تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ چینی نائب وزیر داخلہ گاو چی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے پختہ عزم اور بے مثال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے سکیورٹی شعبے میں اسلام آباد کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔