ڈپٹی کمشنرسرگودھا کی زیرِ صدارت وزیراعظم پٹرول ریلیف پیکیج پرعملدرآمد اور نگرانی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

ڈپٹی کمشنرسرگودھا کی زیرِ صدارت وزیراعظم پٹرول ریلیف پیکیج پرعملدرآمد اور نگرانی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

سرگودھا ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں،8 سو سی سی تک گاڑیوں اور دیگر اہل شہریوں کے لیے پٹرول ریلیف پیکیج کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، اس لیے متعلقہ افسران پیکیج کے ثمرات مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائیں۔

اس امر کا اظہار اُنہوں نے پٹرول ریلیف پیکیج پرعملدرآمد اور نگرانی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز، صدر پٹرول پمپس ایسوسی ایشن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام پٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی جائےاوراس امرکو یقینی بنایا جائے کہ اہل شہریوں کو پٹرول ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی پیکیج پر عملدرآمد میں غفلت یا عدم تعاون کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پٹرول پمپ سیل کرنا، مقدمات کا اندراج اور بھاری جرمانے عائد کرنا شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو پٹرول ریلیف پیکیج کے طریقہ کار اور رجسٹریشن کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے۔ پٹرول پمپس پر خصوصی کاؤنٹرز اور رجسٹریشن ڈیسک فعال رکھے جائیں تاکہ موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ، 8 سو سی سی تک گاڑیوں اور دیگر اہل گاڑیوں کے مالکان باآسانی اپنی رجسٹریشن مکمل کروا سکیں اور پیکیج سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران پٹرول پمپس کے دورے کرکے ریلیف پیکیج پر عملدرآمد کا موقع پر جائزہ لیں اور شہریوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کرائیں۔