جنگلی حیات کا تحفظ محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ڈپٹی کنزرویٹر جنگلات و جنگلی حیات گوادر

ڈپٹی کنزرویٹر جنگلات و جنگلی حیات گوادر اسداللہ نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، غیر قانونی شکار کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی

کوئٹہ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کنزرویٹر جنگلات و جنگلی حیات گوادر اسداللہ نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، غیر قانونی شکار کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹیر کے غیر قانونی شکار کے خلاف محکمہ جنگلات و جنگلی حیات گوادر کی مختلف علاقوں میں کارروائی کے حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے شکاریوں کو آئندہ غیر قانونی شکار سے باز رہنے کی سختی سے تنبیہ کی۔ ڈپٹی کنزرویٹر نے کہا کہ جنگلی حیات قدرتی ماحول اور ماحولیاتی توازن کا اہم حصہ ہے، اس کے تحفظ کے لیے غیر قانونی شکار کی روک تھام اور قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی اور ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں اور بالخصوص والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو غیر قانونی شکار سے روکیں اور جنگلی حیات کے تحفظ میں محکمہ کے ساتھ تعاون کریں۔