وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 سے متعلق کمیٹی کا اجلاس، پالیسی کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 سے متعلق کمیٹی کا اجلاس، پالیسی کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پالیسی کے مسودے کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اسے جلد حتمی شکل دینے کے لیے روزانہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری، مشیر وزیراعظم ہارون اختر اور متعلقہ وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں آٹو پالیسی کے مسودے پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پالیسی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام اہم امور کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔شرکا نے آٹو پالیسی کے حوالے سے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے تحفظات پر شق وار غور کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ پالیسی کے حتمی مسودے کا قانونی، مالی اور انتظامی پہلوؤں سے جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں پالیسی کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے روزانہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 کو وزیراعظم کی منظور کردہ پالیسی ترجیحات سے ہم آہنگ رکھا جائے گا۔









