سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں ضلع سیالکوٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف سپیشل ایجوکیشن برائے ہیرنگ امپئیرڈ سیالکوٹ میں آرٹ اینڈ کرافٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا
سیالکوٹ میں خصوصی بچوں کی آرٹ اینڈ کرافٹ نمائش، آٹھ خصوصی تعلیمی اداروں کے طلبہ کی شرکت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 16 ستمبر (اے پی پی):سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں ضلع سیالکوٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف سپیشل ایجوکیشن برائے ہیرنگ امپئیرڈ سیالکوٹ میں آرٹ اینڈ کرافٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ضلع بھر کے آٹھ خصوصی تعلیمی اداروں کے خصوصی بچوں نے بھرپور شرکت کی۔نمائش کا افتتاح چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ سعید اصغر اور سماجی رہنما محمد اشفاق نذر نے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل جمیل نواز، عمران بیگ اور دیگر افسران و معززین بھی موجود تھے۔نمائش میں خصوصی بچوں نے اپنی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں سے تیار کردہ آرٹ ورک، ڈرائنگز، آرٹ اینڈ کرافٹ، ووکیشنل مصنوعات اور دیگر دستکاری کے نمونے مختلف سٹالز پر پیش کیے۔ مہمانوں نے خصوصی بچوں کے تیار کردہ فن پاروں اور مصنوعات میں گہری دلچسپی لی اور ان کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور فنی استعداد کو سراہا۔مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے منتخب طلبہ کو ڈویژن لیول مقابلوں کے لیے منتخب کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی سعید اصغر نے خصوصی بچوں کی محنت، لگن اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مثبت اور تخلیقی سرگرمیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے خصوصی تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا جو خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔








