آئی ٹی خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 17 فیصد اضافہ

ملک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):ملک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے ملک کو مجموعی طور پر 811 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 631 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026ء کے دوران ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 394 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ اگست 2025ء میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات سے 337 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا تاہم جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی 2026ء میں ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات کا حجم 417 ملین ڈالر تھا جو اگست میں کم ہو کر 394 ملین ڈالر رہ گیا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران ٹیکنالوجی خدمات کی برآمدات میں 23 ملین ڈالر کی کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر شعبے کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کارحجان برقرار ہے۔