پنجاب حکومت نے صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے اور مہم کو خامیوں سے پاک بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 21 ستمبر سے شروع ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران 1 کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس، انسداد پولیو مہم کے دوران1 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

مزید خبریں
لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):پنجاب حکومت نے صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے اور مہم کو خامیوں سے پاک بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 21 ستمبر سے شروع ہونے والی خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران 1 کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ میں بدھ کے روز منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، وزیر اعلی پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمی کاردار، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور محکمہ صحت کے اعلی حکام نے شرکت کی، جبکہ تمام متعلقہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے منسلک ہوئے۔ ٹاسک فورس نے صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات اور کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں موجود نہ ہونے والے یا کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں (مسڈ چلڈرن) کی کوریج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بس اسٹینڈز، سفری راستوں اور تمام انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر ٹرانزٹ ٹیمیں مکمل متحرک رہیں اور ہائی رسک و زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام یو سی ایم اوز اور ایریا انچارجز کو مہم کی سخت مانیٹرنگ کرنے سے متعلق ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کرنے اور مسڈ چلڈرن کی کوریج پر خصوصی توجہ دینے کے احکامات جاری کیے۔محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 21 تا 27 ستمبر جاری رہنے والی یہ خصوصی مہم صوبے کے 13 اضلاع کی 1,376 یونین کونسلوں میں چلائی جائے گی۔ لاہور میں یہ مہم مسلسل 7 دن جبکہ دیگر اضلاع میں 4 دن جاری رہے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8 اضلاع (لاہور، ملتان، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور شیخوپورہ) میں مکمل مہم چلائی جائے گی، جبکہ 5 اضلاع (اٹک، بہاولپور، فیصل آباد، قصور اور میانوالی) کی مخصوص یونین کونسلوں و علاقوں میں کوریج کی جائے گی۔ مہم کی کامیابی کے لیے مجموعی طور پر 39,774 ٹیمیں اور 77,488 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں 36,420 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر 81 لاکھ 67 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گی، 2,060 فکسڈ ٹیمیں مقررہ مراکزی مقامات پر جبکہ 1,294 ٹرانزٹ ٹیمیں مسافر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے متحرک رہیں گی۔








