پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ ہم نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانبدار مقام (نیوٹرل وینیو) پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے
ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ یا پاکستان کے میچز غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی ہے، محی الدین احمد وانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ ہم نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانبدار مقام (نیوٹرل وینیو) پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔ بدھ کو اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پاک بھارت موجودہ دوطرفہ حساس صورتحال اور سکیورٹی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ہمارے قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ہم بھارت سمیت تمام ایف آئی ایچ (FIH) رکن ممالک کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے نظریے پر قائم ہیں۔ہمیں قوی امید ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی بلا تعطل اور مکمل شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہماری غیر جانبدار مقام کی اس باوقار تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی۔








