صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت بلڈنگز ونگ کااجلاس منعقد ہوا،جس میں سی اینڈ ڈبلیو کے بلڈنگز ونگ کی اڑھائی سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
38 ڈیپارٹمنٹس کی تین ہزار سے زائد بلڈنگز کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا ہے،ملک صہیب احمد بھرتھ

مزید خبریں
لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت بلڈنگز ونگ کااجلاس منعقد ہوا،جس میں سی اینڈ ڈبلیو کے بلڈنگز ونگ کی اڑھائی سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز بلڈنگز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبہ بھر میں38 ڈیپارٹمنٹس کی تین ہزار سے زائد بلڈنگز کے انفراسٹرکچر کو بنایا گیا۔صحت، تعلیم اور عوامی تحفظ کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی گئی جبکہ پولیس اور جیلوں کی سکیمیں بھی مکمل کی گئیں۔ معروف درباروں کی ری ویمپنگ مکمل کی گئی جبکہ گورننس و انتظامی امور، زراعت، صنعت اور سیاحت کی اسکیموں کو بھی مکمل کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں1740 بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ کی گئی جبکہ28 بڑے ٹرشری کیئر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ بھی مکمل کی گئی۔اسی طرح 22 اسپیشل ایجوکیشن سنٹرز کے انفراسٹرکچر کو تعمیر کیا گیا جبکہ اسٹیٹ آف دی آرٹ آٹزم اسکول کے جدید انفراسٹرکچر کو بھی مکمل کیا گیا۔صوبہ بھر میں50 اسمارٹ پولیس اسٹیشن بنائے گئے اور22 جوڈیشری کی اسکیمیں مکمل کی گئیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں1033 بلڈنگز کی سیفٹی اسسمنٹ کی گئی۔ای ٹینڈرنگ کی بدولت بلڈنگز ونگ نے40 ارب روپے کی بچت کی۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ صوبہ بھر میں بڑے منصوبوں کے فن تعمیر کی ڈیزائننگ آرکیٹیکچر نے کی۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے بلڈنگز ونگ کو اپنی سالانہ رپورٹ باقاعدگی سے جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلڈنگز کا انفراسٹرکچر مضبوط و مربوط ہے۔انہوں نے بلڈنگز ونگ کو مزید بہتر اور دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر کی تعمیر جدید بنیادوں پر جاری رہے گی۔








