پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے صدر دفترلاہور میں میٹرک امتحانات میں پوزیشنز اور نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
میٹرک امتحانات کے پوزیشن ہولڈر پیف طلبا کے اعزاز میں تقریب

مزید خبریں
لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے صدر دفترلاہور میں میٹرک امتحانات میں پوزیشنز اور نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات تھے جنہوں نے ہونہار طلبا میں کیش پرائز اور لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔ تقریب میں چیئرمین پیف ملک شعیب اعوان اورمنیجنگ ڈائریکٹر پیف شاہد فرید نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ پیف پارٹنر سکولوں کے ہونہار اور باصلاحیت طلبہ کا تعلیمی بورڈز میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنا ان کی محنت اور شاندار تعلیمی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب میں ڈی جی خان بورڈ میں 1189 نمبرز کے ساتھ اوور آل تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ہونہار طالبہ فروا احمد بنت منیر احمد کو 125,000 روپے کا کیش پرائز اور لیپ ٹاپ دیا گیا۔ ڈی جی خان بورڈ میں ہی 1187 نمبرز کے ساتھ لڑکیوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کشف سعید بنت سعید احمد کو 50,000 روپے کا کیش پرائز اور لیپ ٹاپ دیا گیا۔تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 6 ہائی اچیورز کو پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کی طرف سے خصوصی لیپ ٹاپس دیے گئے جن میں عاتکہ بنت عبدالجبار (لاہور بورڈ، 1184 نمبر)، سیدہ تواصل زہرہ زیدی (ڈی جی خان بورڈ، 1182 نمبر)، سندس یاسمین (ڈی جی خان بورڈ، 1181 نمبر)، آمنہ طارق (ملتان بورڈ، 1181 نمبر)، فاطمہ یوسف (ساہیوال بورڈ، 1181 نمبر) اور صلیحہ ناصر (سرگودھا بورڈ، 1181 نمبر) شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر تمام طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے صو بائی وزیر تعلیم اور پیف انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ زندگی میں بھی بہترین کارکردگی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکِ پاکستان کا نام روشن کریں گے۔








