اقوام متحدہ نے مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فریق شہریوں کو نقصان پہنچانے والی کارروائیاں بند کریں اور انسانی امدادی سرگرمیوں کو محفوظ اور بلا رکاوٹ جاری رکھنے کو یقینی بنائیں۔
مشرق وسطیٰ و یوکرین میں کشیدگی کم ،شہریوں کو نقصان پہنچانے والی کارروائیاں بند کی جائیں ، اقوام متحدہ

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔17ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فریق شہریوں کو نقصان پہنچانے والی کارروائیاں بند کریں اور انسانی امدادی سرگرمیوں کو محفوظ اور بلا رکاوٹ جاری رکھنے کو یقینی بنائیں۔
شنہوا کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انتونیو گوتریش نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی میں کمی اولین ترجیح ہونی چاہیے، آبنائے ہرمز اور باب المندب کے اطراف جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو بین الاقوامی قانون کے مطابق مکمل طور پر بحال اور برقرار رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ کشیدگی میں کمی، سفارت کاری اور مذاکرات ہے اور وہ رہنماؤں سے جاری رابطوں کے دوران اس مؤقف پر زور دیتے رہیں گے۔سیکرٹری جنرل نے یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کی جانب پہلا قدم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین تنازعہ پانچویں سال میں داخل ہو چکا جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، عالمی سطح پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ تنازعے کے خاتمے کے فوری امکانات نظر نہیں آ رہے۔
غزہ امن منصوبے کے حوالے سے انتونیو گوتریش نے کہا کہ اسے مکمل طور پر نافذ اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مغربی کنارے کے بتدریج الحاق کا عمل روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ریاستی حل کے قیام کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں۔








