اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور امریکی، ایرانی تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے اہم ثالثی کردار کو اجاگر کیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی ہفتے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے تنازع کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی بحالی پر زور …
اقوام متحدہ کے سربراہ کا جلد پاکستان کے دورے کا اعلان، امریکی، ایرانی تنازع میں ثالثی کے کردار کو سراہا

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔17ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے اور امریکی، ایرانی تنازع کے حل کے لیے پاکستان کے اہم ثالثی کردار کو اجاگر کیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی ہفتے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے تنازع کے پرامن حل کے لیے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔ ان کا پاکستان کا دورہ حکومت پاکستان کی دعوت پر متوقع ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان اقوام متحدہ میں ممکنہ امن مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا اقوام متحدہ میں ہونا مفید ہوگا، تاہم سب سے اہم بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا عمل بحال ہو۔انہوں نے کہا کہ ایک مرحلے پر صورتحال درست سمت میں آگے بڑھ رہی تھی اور مفاہمت کی ایک یادداشت بھی سامنے آئی تھی، تاہم بعد میں معاملات دوبارہ پیچیدہ ہوگئے اور تنازع کا دائرہ وسیع ہوگیا۔انتونیو گوتریش نے کہا کہ معاملہ صرف امریکا اور ایران تک محدود نہیں بلکہ خلیجی ممالک بھی حملوں کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے ان کی معیشتوں اور عالمی معیشت پر بھی سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ صورتحال کے حل کے لیے امریکا اور ایران، ایران اور خلیجی ممالک، جبکہ ثالث ممالک کے درمیان بھی سنجیدہ مذاکرات ضروری ہیں۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے پاکستان اور ترکیہ کو اہم ثالث قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے مصر اور سعودی عرب کے کردار کا بھی ذکر کیا، تاہم کہا کہ سعودی عرب اس وقت تنازع کے متاثرہ ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔








