کمشنر راولپنڈی کا پنجاب میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے لیے قائم امتحانی مراکز کا دورہ

کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے 20 ستمبر کو پنجاب میڈیکل یونیورسٹی (پی ایم یو) کے زیر اہتمام ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کے لیے قائم امتحانی مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، امیدواروں کی سہولیات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی

راولپنڈی۔17ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے 20 ستمبر کو پنجاب میڈیکل یونیورسٹی (پی ایم یو) کے زیر اہتمام ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کے لیے قائم امتحانی مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، امیدواروں کی سہولیات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ راولپنڈی میں ایم ڈی کیٹ 2026 میں مجموعی طور پر 6 ہزار 240 امیدوار شرکت کریں گے جن کیلئے بارانی یونیورسٹی، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اور صدیق پبلک سکول میں تین امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں سیکیورٹی، امیدواروں کے داخلے و اخراج، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، پینے کے پانی، صفائی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی پرچوں اور دیگر امتحانی مواد کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ہزاروں طلبہ و طالبات کے مستقبل سے وابستہ اہم امتحان ہے، اس کے شفاف، پرامن اور منظم انعقاد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امتحان میں شفافیت، میرٹ، نظم و ضبط اور سیکیورٹی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ انہوں نے امتحانی مراکز پر امیدواروں کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ والدین کیلئے انتظار گاہوں، پارکنگ اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ امتحان کے روز ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امیدواروں و والدین کو مشکلات سے بچانے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ریسکیو و طبی امداد اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات ہر صورت مکمل رکھے جائیں جبکہ مراکز اور ملحقہ علاقوں کی مسلسل مانیٹرنگ اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ایم ڈی کیٹ انتظامات کے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر کو ہدایت کی کہ پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122، نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاروں کی بروقت حاضری اور مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ امتحان پرامن، شفاف اور منظم انداز میں منعقد ہو سکے۔